عوام کے بدلے ہوئے تیور ، کئی مقامات پر بی آر ایس کارکنوں اور عوام کے درمیان بحث و تکرار اور کشیدگی ، پولیس کی مداخلت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : حکمران جماعت بی آر ایس کے قائدین اور پارٹی امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے دوران عوامی برہمی اور غصہ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ کئی مقامات پر مقامی عوام اور بی آر ایس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہونے سے کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔ پولیس کو مداخلت کرتے ہوئے حالت کو کنٹرول کرنے کی نوبت پیش آرہی ہے ۔ مقامی عوام کے علاوہ کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے پولیس پر جانبدارانہ رول ادا کرتے ہوئے بی آر ایس ورکرس کی طرح خدمات انجام دینے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔ 21 اگست کو سب سے پہلے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے میدان مار لینے کی حکمت عملی تیار کرنے والے بی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر کو خود بی آر ایس قائدین کی جانب سے بغاوت ، ناراضگیوں اور تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد پارٹی کے کئی قائدین بی آر ایس سے مستعفی ہوگئے ۔ اب پارٹی میں حالت کچھ حد تک صحیح ہوگئے ہیں ۔ مگر ناراض قائدین کی خاموشی جہاں ایک طرف پریشان کررہی ہیں وہیں دوسری جانب عوام بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو دوبارہ امیدوار بنانے پر سخت ناراض ہیں کیوں کہ ان ارکان اسمبلی کا خود اپنے پارٹی کے مقامی اداروں سے منتخب قائدین اور پارٹی کارکنوں سے تعلقات ٹھیک نہیں ہے ۔ مختلف فلاحی اسکیمات صرف ارکان اسمبلی کے حامیوں کو ملنے سے بھی عوام ان سے ناراض ہیں ۔ خاموش رہ کر انہیں شکست دینے پر غور نہیں کررہے ہیں بلکہ ووٹ مانگنے کے لیے بستیوں میں پہونچنے والے بی آر ایس امیدواروں اور ان کے حامیوں سے الجھ پڑ رہے ہیں بحث و تکرار کررہے ہیں اور ووٹ مانگنے کے لیے ان کے علاقوں کا دورہ کرنے کے خلاف انتباہ دے رہے ہیں ۔ ایسے واقعات ایک یا دو مقامات پر پیش نہیں آئے بلکہ ریاست بھر میں روزانہ کسی نہ کسی مقام پر حکمران جماعت کے امیدواروں کو عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بی آر ایس کے انچارجس اور دوسرے قائدین اس کی اطلاع چیف منسٹر کے سی آر اور ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کے علاوہ وزیر ہریش راؤ تک پہونچا رہے ہیں ۔ جس پر بی آر ایس قیادت فکر مند ہے اور مختلف طبقہ واری تنظیموں اور دیگر ذی اثر مقامی قائدین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے حالات کو بی آر ایس کے لیے سازگار بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں مگر توقع کے مطابق کامیابی نہ ملنے سے بی آر ایس امیدوار مایوس ہوگئے ہیں ۔ اس کے بعد رائے دہندوں کو لالچ دیتے ہوئے انہیں لبھانے کی حکمت عملی پر کام کیا جارہا ہے ۔۔ ن