جلسہ کی کامیابی سے کے سی آر بوکھلاہٹ کا شکار، بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس پر اتحاد کا الزام
حیدرآباد۔/18ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے صرف 99 دن باقی ہیں اور تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت اقتدار کے 100دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ ریونت ریڈی نے آج گاندھی بھون میں مدھو یاشکی گوڑ، محمد علی شبیر، انجن کمار یادو اور ملوروی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد میں کانگریس کے جلسہ عام اور عوام کیلئے 6 ضمانتوں کے اعلان سے بی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے مہا لکشمی، رعیتو بھروسہ، گروہا جیوتی، اندراماں انڈلو، یووا وکاسم اور چیوتا کے تحت جو وعدے کئے ہیں انہیں ابھئے ہستم کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل حکومت کے پہلے کابینی اجلاس میں عمل آوری کا فیصلہ کیا جائے گا اور اندرون 100 دن تمام وعدوں پر عمل آوری کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے جس طرح علحدہ تلنگانہ کے وعدہ کی تکمیل کی ہے اسی طرح 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور دیگر قومی قائدین کی حیدرآباد آمد سے کے سی آر اور بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے۔ تلنگانہ تشکیل دینے والی خاتون کے استقبال کے بجائے مخالفت میں بیان بازی شروع کردی گئی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے خلاف پوسٹرس چسپاں کئے گئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ برسراقتدار پارٹی کو اس قدر بوکھلاہٹ کی کیا ضرورت تھی کہ وہ پاگل کتوں کی طرح بھونکنے لگے۔ ریونت ریڈی نے اس بات کو دہرایا کہ حیدرآباد میں کانگریس کے پروگرام کے اعلان کے ساتھ ہی بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس مختلف پروگراموں کے ساتھ میدان میں آگئے تاکہ کانگریس کے جلسہ عام میں رکاوٹ پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے واضح کردیا ہے کہ بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس تینوں ایک ہیں اور کانگریس کے مشترکہ دشمن ہیں۔ عوام کو ان سے ہرگز دھوکہ نہیں کھانا چاہیئے۔ کانگریس کارکنوں کو ان تینوں سے مقابلہ کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار سونیا گاندھی کا خواب ہے اور اس کو سچ کردکھانے عوام اور کانگریس کارکن تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 99 دن کیلئے کانگریس منصوبہ بند ایکشن پلان کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کے بارے میں کانگریس کا ریکارڈ عوام کے سامنے ہے۔ 2004 میں مفت برقی کی سربراہی، تلنگانہ جہد کاروں سے مقدمات سے دستبرداری، آروگیہ شری اور غریبوں کیلئے مکانات جیسے وعدوں پر 10 سال تک عمل کیا گیا۔ کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا اس کے علاوہ مسلمانوں اور گریجن طبقات کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر دھرانی پورٹل کو منسوخ کرتے ہوئے نئی ٹکنالوجی کے ساتھ نیا سسٹم متعارف کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی منشور کمیٹی پارٹی منشورکی تیاری میں مصروف ہے۔