بی آر ایس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی، کانگریس کا اقتدار یقینی

   

99 فیصد وعدے فراموش، اسمبلی کیلئے مقابلہ ہائی کمان کی مرضی پر: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس نے عوام سے جو انتخابی وعدے کئے تھے ان میں سے 99 فیصد پر عمل نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں حکومت کے خلاف عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ گاندھی بھون میں مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر پنشن کے قدیم طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضور نگر اور میری اہلیہ پدماوتی ریڈی نے کوداڑ سے ٹکٹ کی درخواست داخل کی ہے۔ اے آئی سی سی سے درخواست کی جائے گی کہ امیدواروں کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے۔ امیدواروں کے جلد اعلان کی صورت میں انتخابی مہم میں مدد ملے گی۔ بائیں بازو جماعتوں سے مفاہمت کے مسئلہ پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ بائیں بازو جماعتوں سے مذاکرات کے موقف سے لاعلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر اور کوداڑ سے 50 ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ اگر اکثریت 50 ہزار سے کم آتی ہے تو سیاست سے دستبردار ہوجاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائی کمان منع کرے تو وہ اسمبلی چناؤ میں حصہ نہیں لیں گے اور لوک سبھا کیلئے امیدواری کی صورت میں مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ میں کانگریس تلنگانہ میں کافی مضبوط ہوئی ہے اور بی آر ایس کا بہتر انداز میں مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ کھمم اور نلگنڈہ اضلاع میں تمام اسمبلی نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں پر عمل کیا ہے۔ بنگلور میں گروہا لکشمی اسکیم کے آغاز کیلئے راہول گاندھی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس نے یہ ثابت کردیا کہ جو کہتی ہے اس پر عمل کرتی ہے۔ انہوں نے بی آر ایس پر کانگریس کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پروپگنڈہ سے کانگریس کے امکانات متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے اور تمام وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ مخالف حکومت لہر کے سبب بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے چاول کی تقسیم اسکیم میں عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ ریاستی حکومت صرف ایک کیلو چاول سربراہ کررہی ہے جبکہ باقی پانچ کیلو مرکزی اسکیمات سے حاصل کئے جارہے ہیں۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ بی آر ایس کے پروپگنڈہ سے گمراہ نہ ہوں۔ کے سی آر نے دلت سی ایم، ڈبل بیڈ روم مکانات، کے جی تا پی جی مفت تعلیم، مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات، ایس ٹی تحفظات میں اضافہ، دلتوں اور قبائیل کو 3 ایکر اراضی، بیروزگاری الاؤنس اور دیگر وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی سے بی آر ایس کی بدترین ہار ہوگی۔