بی آر ایس حکومت ہیٹرک بنائے گی

   

کانگریس کے پاس امیدواروں کا فقدان، میدک میں ریاستی وزیر ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
میدک ۔ /20 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر فینانس و صحت عامہ ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس اپنی تیسری مرتبہ حکومت بناکر ہیٹرک کرلے گی ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد ریاست ہمہ جہتی ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ مسٹر ہریش راؤ میدک میں ایم ایل اے کیمپ آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے /23 اگست کو ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھرراؤ کے دورہ میدک کے پیش نظر ایک جائزہ اجلاس اور انتظامات کو قطعیت دینے کیلئے میدک کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس 40 تا 50 حلقوں پر انتخاب لڑنے کیلئے امیدواروں کا فقدان ہے اور بھاجپا صرف اپنی ضمانتیں بچانے کی فکر میں ہے ۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں میدک ضلع انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ ، ضلع مہتمم پولیس دفتر ، پولیس پریڈ گراؤنڈ اور بی آر ایس ڈسٹرکٹ باڈی آفس کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔ بعد ازاں چرچ آف ساؤتھ انڈیا کے گراؤنڈ پر ایک بھاری عوامی جلسہ ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ کی ذریعہ کار ٹھیک 12 بجے میدک آمد ہوگی ۔ انہوں نے اقلیتوں کی ترقی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست میں /19 اگست کو اقلیتوں کی اقتصادی ترقی کیلئے چھوٹے کاروبار کی انجام دہی کے لئے 10 ہزار افراد کو فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس کی تقسیم عمل میں آئی اور آگے بھی اس طرح فلاحی پروگرام کو جاری رکھا جائے گا ۔ ایک لاکھ افراد کو اس طرح کی مالی امداد دینے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انتخابی موسم کی پارٹی ہے جو عین انتخابات سے قبل عوام کے درمیان آنا اپنا وطیرہ بنالیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس ہمیشہ عوام کے درمیان ہوتی ہے اور بھاجپا تلنگانہ میں فرقہ پرستی کا کارڈ استعمال کرتے ہوئے اقتدا پر فائز ہونا چاہتی ہے ۔ لیکن بی آر ایس ایسا کبھی ہونے نہیں دے گی ۔ مسٹر ہریش نے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں اقلیتوں کو سانس لینا دشوار ہوگیا ہے ۔ بی آر ایس کے اقتدار میں ریاست تلنگانہ میں اقلیتیں سکون کی نیند لے رہے ہیں ۔ اس پریس کانفرنس میں رکن پارلیمنٹ میدک مسٹر کے پربھاکر ریڈی ، ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی ، ایفلو ڈائرکٹر مسٹر ایم دیویندر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔