بی آر ایس رکن اسمبلی ہنمنت راؤ اور ان کے فرزند کی کانگریس میں شمولیت

   

ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی سے ملاقات، سابق رکن اسمبلی ویریشم بھی کانگریس میں شامل ہوگئے
حیدرآباد ۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملکاجگری کے بی آر ایس باغی رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ نے نئی دہلی میں کانگریس اعلیٰ کمان سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ایم ہنمنت راؤ نے جنہوں نے حال ہی میں بی آر ایس سے استعفیٰ کا اعلان کردیا ، اپنے فرزند روہت و سابق رکن اسمبلی وی ویریشم کے ہمراہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی۔ ملکارجن کھرگے نے ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کو پارٹی کھنڈوا پہناکر کانگریس میں استقبال کیا۔ بھونگیر کے سابق صدر ضلع کانگریس کے انیل کمار نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ہنمنت راؤ اور ان کے فرزند نے آج صبح سابق صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی صورتحال پر بات کی۔ راہول گاندھی نے ہنمنت راؤ اور ان کے فرزند کی کانگریس میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں کانگریس مستحکم ہوگی۔ ملکارجن کھرگے سے ملاقات کے موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سابق وزیر محمد علی شبیر ، سابق ایم پی پی سرینواس ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی و دیگر موجود تھے۔ ملکارجن کھرگے نے ہنمنت راؤ اور فرزند کو اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کیلئے جدوجہد کا مشورہ دیا ۔ واضح رہے کہ کانگریس نے ہنمنت راؤ اور ان کے فرزند کو اسمبلی ٹکٹ کا وعدہ کیا ہے ۔ ہنمنت راؤ ملکاجگری اور فرزند روہت میدک اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کریں گے ۔ کانگریس کو امید ہے کہ ملکاجگری ضلع میں ہنمنت راؤ کی شمولیت سے اطراف کے اسمبلی حلقہ جات پر اثر پڑے گا اور کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ ہنمنت راؤ نے میدک اسمبلی حلقہ سے فرزند کو ٹکٹ نہ ملنے پر بی آر ایس سے بغاوت کردی اور وزیر فینانس ہریش راؤ پر بلیک میلنگ کا الزام عائد کیا ۔ وی ویریشم 2014 ء سے 2018 ء تک بی آر ایس کے رکن اسمبلی رہے تاہم 2018 ء میں انہیں کانگریس امیدوار کے مقابلہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھونگیر کے سابق ڈی سی سی صدر نے صرف ایک ماہ میں دوبارہ گھر واپسی کی ہے۔