20 جولائی کے جلسہ میں رسمی اعلان متوقع
پرینکا گاندھی کی آمد کے پیش نظر وسیع تر انتظامات
حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس میں بی آر ایس قائدین کی شمولیت کا رجحان جاری ہے اور 20 جولائی کو کولہا پور میں کانگریس کے جلسہ عام میں بی آر ایس کے رکن کونسل کے دامودر ریڈی کانگریس میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ناگرکرنول ضلع میں بی آر ایس کو دامودر ریڈی کی شمولیت سے بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔ سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ 20 جولائی کو رسمی طور پر کانگریس میں شامل ہوں گے۔ جلسہ عام میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی شرکت متوقع ہے۔ کھمم میں سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی کی شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں راہول گاندھی شریک ہوئے تھے۔ کانگریس ہائی کمان نے اگرچہ سرکاری طور پر 20 جولائی کو پرینکا گاندھی کے دورہ کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم جوپلی کرشنا راؤ نے جلسہ عام کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ بی آر ایس قیادت کی جانب سے رکن کونسل دامودر ریڈی کو کانگریس میں شمولیت سے روکنے کی ہر ممکن مساعی کی گئی لیکن بتایا جاتا ہے کہ دامودر ریڈی نے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے کانگریس کے ٹکٹ پر آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ناگرکرنول ضلع میں بی آر ایس اور بی جے پی کے کئی قائدین 20 جولائی کو کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ ر
