بے قاعدگیوں کیلئے کے سی آر ذمہ دار، کے ٹی آر عوام سے معذرت خواہی کریں
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے بی آر ایس قائدین کے دورہ کالیشورم پراجکٹ کو سیر و تفریح تعبیر کیا اور کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں اور بڑے پیمانے پر قرض کے حصول کیلئے کے سی آر ذمہ دار ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہاکہ کالیشورم کا دورہ کرتے ہوئے کے ٹی آر اور اُن کے ساتھیوں نے حکومت کو پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں یکم اگسٹ تک کی مہلت دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ زرعی شعبہ کو پانی سیراب کرنے سے حکومت اچھی طرح واقف ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ جو 30 ہزار کروڑ میں مکمل ہوسکتا تھا، اُس پر ایک لاکھ 20 ہزار کروڑ خرچ کئے گئے۔ حقائق کی پردہ پوشی کے لئے بی آر ایس قائدین کالیشورم پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ میں جو بھی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اُن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جیون ریڈی نے کہاکہ کے ٹی آر حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن اِس معاملہ کی جانچ کررہا ہے۔ جیون ریڈی نے کہاکہ ناقص تعمیرات کے نتیجہ میں میڈی گڈہ بیاریج کے پلرس کو نقصان پہنچا۔ اِس کے علاوہ انارم بیاریج کی تعمیر میں بھی نقائص کا پتہ چلا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں کے مسئلہ پر عدالتی تحقیقات جاری رہیں گی اور حقائق منظر عام پر آئیں گے۔ جیون ریڈی نے آبپاشی کے عہدیداروں کو تجویز پیش کی کہ ایلم پلی سے پانی کی اجرائی کے امکانات تلاش کریں۔ جیون ریڈی نے کہاکہ کے سی آر کو پراجکٹ میں بے قاعدگیوں اور نقائص کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ 10 سال تک کسانوں کو نظرانداز کرنے والے قائدین آج کسانوں کے حق میں مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ 1