بی آر ایس پارٹی 18 اکتوبر کے بند میں حصہ لے گی: سرینواس یادو

   

کانگریس پا رٹی نے بی سی تحفظات کے نام پر دھوکہ دیا ہے
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی نے 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے بی سی طبقات کے بند میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ بھون میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر سرینواس یادو نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر سابق وزراء سرینواس گوڑ ، جی کملاکر کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ بی سی تحفظات کے معاملہ میں کانگریس پارٹی سیاسی مفادات کی خاطر ڈرامہ بازی کرتے ہوئے بی سی طبقات کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے جس کی وجہ سے بی آر ایس پارٹی نے 18 اکتوبر کو بی سی تنظیموں کی جانب سے منظم کئے جانے والے تلنگانہ بند کی مکمل تائید او حمایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین ریاست بھر میں احتجاجی مظاہروں میں شامل رہیں گے تاکہ بی سی طبقات کو ان کے جائز حقوق حاصل ہوسکیں اور ساتھ ہی ریاستی و مرکزی حکومت پر دباؤ بنایا جاسکے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے جب اسمبلی میں بل پیش کی گئی تھی، اس وقت بی آر ایس پارٹی نے بل کے نقائص سے واقف کرایا تھا لیکن حکومت نے عجلت پسندی میں بل کو منظور کرایا ہے جس کی وجہ سے عدلیہ نے جی او پر حکم التواء جاری کیا ہے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی صرف مقامی اداروں کے انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے بی سی تحفظات کا تماشہ کر رہی ہے۔ راج بھون کو قرارداد پہنچنے سے قبل دہلی میں دھرنا کیا گیا جس میں کانگریس کے اہم قائدین ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی کے علاوہ دوسرے اہم قائدین نے شرکت نہیں کی۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کانگریس پارٹی بی سی تحفظات کے معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پا رٹی نے عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے جس سے سماج کے تمام طبقات میں حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کے علاوہ مقامی اداروں کے انتخابات میں بھی بی آر ایس پارٹی شاندار کامیابی درج کرے گی۔2