بی آر ایس کا زوال صرف کانگریس سے ممکن

   

کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے سرینواس ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) کھمم کے سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کو خلیج بنگال میں پھینکنا صرف کانگریس پارٹی سے ہی ممکن ہے اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جنا گرجنا سبھا سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کو اپنے جھوٹ اور جھوٹے وعدوں کے ذریعہ دو مرتبہ دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کیا۔ تلنگانہ میں 8 ہزار کسانوں نے خودکشی کرلی جو ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ سب سے زیادہ ہے۔ کسانوں کو قرض معافی کا وعدہ کیا گیا تھا جو پورا نہیں ہوا۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الاؤنس کا وعدہ فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے اور برسراقتدار آتے ہی کسانوں اور نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتہ سے جلسہ عام کو ناکام بنانے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں باوجود اس کے کارکنوں نے پورے عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جس پر وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام بھی یہی چاہتے ہیں کہ بی آر ایس کا اقتدار ختم ہو اور کانگریس کی حکومت تشکیل پائے۔ر