بی آر ایس کو دھکہ، رکن کونسل نارائن ریڈی کی ریونت ریڈی سے ملاقات

   

عنقریب کانگریس میں شمولیت، ضلع پریشد وائس چیرمین بالاجی سنگھ بھی مستعفی

حیدرآباد۔یکم؍ اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں برسراقتدار بی آر ایس کو آج ایک اور دھکہ لگا جب متحدہ محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے رکن قانون ساز کونسل نارائن ریڈی نے پارٹی سے استعفی دے کر کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کلواکرتی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے نارائن ریڈی نے آج صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ ناگر کرنول کے ضلع پریشد وائس چیرمین بالاجی سنگھ نے بھی ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ رکن کونسل اور بالاجی سنگھ دونوں نے چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو اپنے استعفی کے مکتوب روانہ کردیئے۔ دونوں قائدین نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام سے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے اس سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ نارائن ریڈی کلواکرتی اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کے خواہاں ہیں۔ استعفی کے مکتوب میں نارائن ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی پر عوام کو بھروسہ ہے اور وہ عوام کی خواہش کے مطابق کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ رکن کونسل کے نارائن ریڈی کے ہمراہ ان کے حامیوں کی کثیر تعداد نے بھی ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ مکتوب میں نارائن ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کی خواہشات کی تکمیل کرتے ہوئے علحدہ ریاست تشکیل دی ہے۔ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ عوام کی خواہشات اور امنگوںکی تکمیل نہیں ہوئی۔ بی آر ایس حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ نارائن ریڈی نے پارٹی میں مختلف عہدے دیئے جانے پر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ نارائن ریڈی اور ٹی بالاجی سنگھ عنقریب کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلیں گے۔ اسی دوران کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے مقامی قائدین نے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔