بی آر ایس کو مہاراشٹرا میں غیر معمولی تائید، 400 اہم قائدین کی شمولیت

   

اورنگ آباد سے فیروز خاں بی آر ایس میں شامل، مجالس مقامی چناؤ میں حصہ لینے پر غور
حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کی سرگرمیوں کو دیگر ریاستوں میں توسیع دینے کے سلسلہ میں مہاراشٹرا سے غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ این سی پی، شیوسینا، کانگریس اور بی جے پی کے تقریباً 400 قائدین نے گذشتہ چار ماہ میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ان میںکئی سابق ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین شامل ہیں۔ سمبھاجی نگر، چندرا پور اور ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے ان قائدین کی شمولیت کے بعد پارٹی نے مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے مہاراشٹرا میں پارٹی کو وسعت دینے کیلئے اہم ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ کسان تنظیموں کے قائدین بھی بی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ گذشتہ دنوں اورنگ آباد ضلع پریشد کے صدرنشین فیروز خاں نے این سی پی سے استعفی دے کر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ان کا استقبال کیا۔ مہاراشٹرا کے مجوزہ مجالس مقامی انتخابات میں بی آر ایس بہتر مظاہرہ کی امید کررہی ہے۔ بی آر ایس کسان سیل مہاراشٹرا یونٹ کے صدر مانک کڈم نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام بالخصوص کسان بی جے پی۔ شیوسینا اتحادی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ کرپشن عام ہوچکا ہے اور زرعی شعبہ کیلئے انفرااسٹرکچر کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے تلنگانہ طرز کی اسکیمات کو ملک بھر میں شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔2024 انتخابات تک بی آر ایس مہاراشٹرا کے تمام پارلیمانی حلقوں میں مضبوط موقف حاصل کرلے گی۔ر