بی آر ایس کے 10 ویں رکن اسمبلی مہی پال ریڈی کانگریس میں شامل

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا
حیدرآباد 15 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے 10 ویں رکن اسمبلی جی مہی پال ریڈی نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیامگاہ پر مہی پال ریڈی نے وزرا دامودر راج نرسمہا اور سرینواس ریڈی کی موجودگی میں کانگریس کا کھنڈوا پہن لیا۔ مہی پال ریڈی کے ہمراہ ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ سے بی آر ایس کے شکست خوردہ امیدوار جی انیل نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ مہی پال ریڈی 2014 ء سے مسلسل تین مرتبہ بی آر ایس ٹکٹ پر اسمبلی کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ مہی پال ریڈی کی کانگریس میں شمولیت پر گزشتہ ایک ہفتہ سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ پٹن چیرو حلقہ کی نمائندگی کرنے والے جی مہی پال ریڈی نے اپنے حامیوں اور مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اِس موقع پر سابق رکن اسمبلی جگاریڈی، نیلم مدھو، ششی کلا یادو اور صدر ضلع کانگریس خیریت آباد روہن ریڈی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ای ڈی نے حال میں مہی پال ریڈی کے بھائی کے خلاف کانکنی کے معاملہ میں مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد اُن کی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات وائرل ہوئی، بعد میں اُنھوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ بتایا گیا کہ بی جے پی نے شمولیت کیلئے اسمبلی سے استعفے کی شرط رکھی تھی جو مہی پال ریڈی کیلئے قابل قبول نہیں تھی۔ مہی پال ریڈی کی شمولیت سے بی آر ایس کے کانگریس میں شامل ارکان کی تعداد 10 ہوچکی ہے۔ کانگریس میں شامل ارکان اسمبلی میں ڈی ناگیندر، پی وینکٹ راؤ، کے سری ہری، پوچارم سرینواس ریڈی، ڈاکٹر سنجے کمار، کے یادیا، بی کرشنا موہن ریڈی، پرکاش گوڑ اور اے گاندھی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پٹن چیرو کے پارٹی قائدین سرینواس گوڑ اور نیلم مدھو کو تیقن دیا کہ مہی پال ریڈی کی شمولیت سے اُن کے مقام میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ پٹن چیرو قائدین نے مہی پال ریڈی کی شمولیت کی مخالفت کی تھی جس کے نتیجہ میں مقامی افراد کو منانے کی ذمہ داری جگاریڈی کو دی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس کے مزید ارکان اسمبلی کانگریس سے ربط میں ہیں۔ 1