پارٹی کے متوفی لیڈر سردار کو خودکشی کیلئے مجبور کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے یادداشت پیش
حیدرآباد۔ 26 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے قائدین نے پولیس کمشنر سی وی آنند سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس کے قائد سردار کی خودکشی کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس وفد میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے وینکٹیش، ایم گوپال، ارکان قانون ساز کونسل، پی سرینواس ریڈی، دوسا راجو شراون، سابق رکن اسمبلی پی وشنو وردھن ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین میں شیخ عبداللہ سہیل، مسیح اللہ خان متوفی سردار کے افراد خاندان کے ساتھ موجود تھے۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے اس یادداشت پر ہمدردانہ غور کرنے کا بی آر ایس قائدین کو یقین دلایا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی آر ایس قائدین نے کہا کہ پارٹی قائد سردار کی خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے۔ کانگریس کے کارپوریٹر بابا فصیح الدین نے سردار کو ذہنی اور مالی طور پر اتنا ہراساں کیا کہ وہ مجبور ہوکر خودکشی کرلیا، لہٰذا حکومت اور پولیس ، خودکشی واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور متوفی کو انصاف دلائے۔ اسمبلی حلقہ جوبلی میں بی آر ایس کو کمزور کرنے کی کانگریس کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے۔ کانگریس میں شامل ہونے سے انکار کرنے والے بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس پارٹی، کانگریس کی اس غنڈہ گردی کو مزید برداشت نہیں کرے گی بلکہ عوامی احتجاج شروع کرے گی۔2