جموں : جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب فاروڈ پوسٹ پر تعینات بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف ) کا آفیسر اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگنے سے از جان ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر ہیرا نگر سیکٹر میں تعینات بی ایس ایف آفیسر معمول کے مطابق ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اسی اثنا میں سروس رائفل سے اچانک گولی نکلی جو اس کے جسم میں پیوست ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود ساتھیوں نے زخمی اہلکار کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت 55سالہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر سکھنندن کے بطور ہوئی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ فوری طورپر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا مدھیہ پردیش کے رہنے والے بی ایس ایف آفیسر نے خود کشی کی یا حادثاتی گولی چلنے سے اس کی موت واقع ہوئی ۔پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔