دونوں ممالک کے ڈائرکٹر جنرل کو اس مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت : بنگلہ دیشی وزیر
کولکاتہ ۔19 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسدالزماں خاںنے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے سرحدی محافظین کے ہاتھوں بی ایس ایف کے ایک جوان کا قتل دونوں ممالک کے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوگا ۔ انھوں نے مزید کہاکہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ضرورت پڑنے پر وہ اپنے ہم منصب ہندوستانی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اس سلسلے میں بات چیت کریں گے ۔ انھوں نے کہاکہ قواعد کے مطابق جو ہندوستانی ماہی گیر جمعرات کے دن بنگلہ دیش میں گھس آیا تھا اسے گرفتار کرلیا گیا تھا ، اُسے رہا کردیا جائے گا ۔ خان نے مزید کہاکہ ’’دونوں افواج میں ’’غلط فہمی ‘‘ پھیل جانے کے سبب بی ایس ایف کا ہیڈکانسٹیبل وجئے بھان سنگھ ہلاک ہوگیا ۔ انھوں نے تیقن دیا کہ آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس واقعہ کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے ڈائرکٹر جنرل کو ایک جگہ بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں۔ دونوں اس مسئلہ کو حل کرلیں گے۔ خان نے کہاکہ وہ آئندہ فلیگ میٹنگ میں خطرناک اسلحہ کے عدم استعمال اور سرحد کی مشترکہ طلایہ گردی کی تجویز پیش کریں گے ۔