بی ایس ایف میں کورونا کی وجہ سے تیسری موت

   

نئی دہلی، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی سرحدوں کے محافظ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک اور سپاہی کا منگل کے کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوگیا۔ بی ایس ایف میں کورونا وائرس کی وجہ سے یہ تیسری موت ہے ، اس سے پہلے دو فوجی جوانوں کی موت ہوچکی ہے ۔ فی الحال بی ایس ایف کے 100 اہلکار کورونا کے لئے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ اب تک 435 جوان کورونا وائرس کی زد سے صحتیاب ہوگئے ہیں۔تازہ ترین معاملہ سپاہی ونود کمار پرساد کا ہے جس نے منگل کے روز ایمس میں آخری سانس لی۔ 5 جون کو انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ امن و انتظام سنبھالنے کے لئے وہ دہلی پولس کے ساتھ تعینات تھے ۔ اسے 5 جون کو کمزوری محسوس ہونے اور کھانسی کی شکایت ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ونود کمار پرساد کا 6 جون کو کورونا ٹسٹ کیا گیا، جس کا نتیجہ منفی آیا لیکن 8 جون کو پھر سے ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ اسی دن اس کی دوبارہ جانچ کی گئی جس میں اسے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ بعدازاں اسے آئی سی یو میں رکھا گیا جہاں انہوں نے گزشتہ روز دم توڑ دیا۔ اس کے پسماندگان میں اس کے والدین،بیوی اور ایک بیٹا ہے ۔