احمد آباد۔ بارڈر سکیوریٹی فورس نے آج کہا کہ اس نے ایک 8 سالہ پاکستانی بچے کو پاکستانی رینجرس کے حوالے کردیا ہے جو نادانستہ طور پر بین الاقوامی سرحد پار کرکے ہندوستان میں داخل ہوگیا تھا اور بارمیر سیکٹر پہونچ گیا تھا ۔ یہ واقعہ بی ایس ایف کے سومرار ٹھکانے کے قریب پیش آیا جو راجستھان میں ہے ۔ ایک خیرسگالی اقدام کے طور پر بی ایس ایف نے جمعہ کو یہ پاکستانی کمسن بچہ فلیگ میٹنگ میں پاکستانی رینجرس کے حوالے کردیا ہے ۔ بی ایس ایف نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2 اپریل کو کریم نامی ایک لگ بھگ آٹھ سال عمر والا لڑکا نادانستہ طور پر بین الاقوامی سرحد عبور کرکے ہندوستان میں داخل ہوگیا تھا اور بی ایس ایف تک پہونچ گیا تھا ۔ ہندوستانی فوجیوں نے اسے دیکھا اور واپس جانے کو کہا ۔ فورس کو دیکھ کر بچہ رونے لگا تاہم بی ایس ایف عملہ نے اسے خاموش کروایا اور کھانا و پانی دیا ۔ اس لڑکا راستہ بھٹک کر یہاں آگیا تھا ۔ یہاں سے قریبی پاکستانی گاوں تین کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ ہیڈ کوارٹرس کی ہدایت کے بعد ایک فلیگ میٹنگ پاکستانی رینجرس کے ساتھ منعقد ہوئی اور اس کمسن لڑکے کو ان کے حوالے کردیا گیا ۔ اس لڑکے کے چہرے پر مسکراہٹ واپس لوٹ آئی تھی ۔
