حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) ایرٹیل نے بی ایس این ایل کے پلان سے مسابقت کے لئے صارفین کو ایک منفرد پلان کی پیشکش کی ہے جس کے تحت 199 روپئے کے پلان کے تحت 365 دن تک 24GB ڈیٹا اور ان لمٹیڈ رومنگ اور اسٹڈی اور لوکل کالس کی سہولت حاصل رہے گی۔ صارفین روزانہ 100 ایس ایم ایس مفت کرپائیں گے ۔ یہ منصوبہ صارفین کیلئے توجہ کا مرکز بن چکا ہے کیونکہ اس کے تحت روزانہ صرف 5 روپئے کا خرچ آئے گا اور 365 دن تک پلان برقرار رہے گا۔ واضح رہے کہ بی ایس این ایل نے اپنے نئے منصوبہ کو متعارف کرتے ہوئے اپنے صارفین کی تعداد میں 2.5 بلین کا اضافہ کیا ہے ۔ دوسری طرف جیو کے صارفین میں 4 ملین کی کمی آئی ہے ۔ ایرٹیل کے صارفین 2.4 ملین جبکہ ووڈا فون آئیڈیا کے صارفین 1.9 ملین کم ہوئے ہیں۔ جولائی میں بی ایس این ایل کے نئے صارفین میں تقریباً تین ملین کا اضافہ ہوا۔ اسی ماہ کے دوران ریلائنس جیو کے صارفین میں 8 لاکھ کی کمی واقع ہوئی ۔ خانگی کمپنیوں سے مسابقت کی اس دوڑ میں بی ایس این ایل نے اپنے کم مالیتی آفرس کے ذریعہ صارفین کو اپنی جانب راغب کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی ایس این ایل کے صارفین کی تعداد میں اضافہ کے باوجود مجموعی طور پر ٹیلی کمیونیکیشن مارکٹ میں بی ایس این ایل کی حصہ داری خانگی کمپنیوں سے کم ہے ۔ جیو 40.5 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ایر ٹیل 33 فیصد اور ووڈا فون 18 فیصد کی حصہ داری رکھتے ہیں۔