بی ایس پی اور ایس پی حکومتوں میں کانکنی میں لوٹ: شیوپال

   

لکھنو۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ترقی پسند سماج وادی پارٹی (لوہیا) کے صدر شیوپال یادو نے آج الزام عائد کیا کہ کانکنی کے شعبہ میں سابقہ بہوجن سماج پارٹی اور سماج وادی پارٹی حکومتوں کے دوران لوٹ مچی تھی۔ انہوں نے سی بی آئی کی کانکنی اسکام کے بارے میں مبینہ کارروائی کو بی جے پی کی تاخیر سے کی ہئی کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی اقتدار 2007-2012اور ایس پی دور اقتدار 2012-17 کے دوران کانکنی کے شعبہ میں لوٹ مچی تھی جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔ شیوپال یادو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایک سوال پر کہ مرکز نے 10 فیصد تحفظات عام زمرے میں معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے لیے فراہم کیے ہیں۔ شیوپال یادو نے کہا کہ یہ ایک ’’لالی پاپ‘‘ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ برسر اقتدار بی جے پی پر بھروسہ نہیں کرسکتے کہ وہ تحفظات تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کئی تیقنات ایسے ہیں جن کی تکمیل سے وہ قاصر رہی۔ اس لیے انہیں شبہ ہے کہ موجودہ تیقن بھی شرمندۂ تکمیل ہوگا۔ کانگریس کے ساتھ اپنی پارٹی کے اتحاد کے بارے میں شیوپال نے کہا کہ میری پارٹی کسی بھی پارٹی سے اتحاد کے لیے تیار ہے جس کے دروازے کھلے ہوں۔