نئی دہلی : نریندر مودی دہلی میں جب سے اقتدار پر آئے ، اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ اسرائیل نے جو پالیسی 1948 ء سے مظلوم مملکت فلسطین اور اس کے باشندوں کے خلاف اختیار کررکھی ہے ، وہ پالیسی صاف ظاہر ہورہا ہے کہ اب ہندوستان بھی اپنانے لگا ہے ۔ حالیہ چند ہفتوں میں ملک کی چند ریاستوں میں جس طرح اسرائیل کی بلڈوزر پالیسی پر عمل کیا گیا ، اس سے واضح ہے کہ اسرائیل اس وقت ہندوستان کو پوری طرح اپنے نرغے میں لے چکا ہے ۔ خاص طور پر بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں مسلمانوں کے مکانات کو غیرمجاز تعمیرات کے نام پر ڈھانا ۔ ان ہی مذموم کوششوں کا حصہ ہے جس طرح فلسطینیوں کے مکانات کو اسرائیل ڈھاکر یہودی آبادی کاری کو فروغ دیتا آیا ہے ۔ قدیم شہر وارناسی یعنی بنارس میں آج جو کچھ ہورہا ہے وہ کسی سازش سے کم نہیں ۔ بی جے پی مساجد کے خلاف اپنے خاص ایجنڈے کے مطابق کام کررہی ہے جس میں عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا شامل ہے ۔