امیٹھی: اترپردیش کانگریس کے صدر اجئے رائے نے منگل کو کہا کہ بی جے پی حکومت کے میعاد کار میں دلت غیر محفوظ ہیں۔ امیٹھی میں چھیڑ چھاڑ کے ملزم دلت نوجوان کے قتل کے بعد متاثرہ کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرنے پہنچے رائے نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کے میعار کار میں دلتوں کے ساتھ لگاتار ناانصافی ہورہی ہے ۔ جہاں بھی دلتوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ۔ کانگریس ہمیشہ دلتوں کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پریاگ راج میں ایک دلت کو پٹرول ڈال کر زندہ جلا دیا گیا۔ اعظم گڑھ اور رامپور میں دلتوں پر مظالم ہورہے ہیں۔ اجئے رائے نے بی جے پی حکومت کے ذریعہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی یوم پیدائش پرمنعقد تقریب پر بھی سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب کاحقیقی احترام تب ہوگا جب دلتوں کے کنبے میں خوشحالی آئے گی۔ رائے نے کہا‘دلتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں تو یہ بابا صاحب کی توہین ہی مانی جائے گی۔ ہم کانگریس کے سبھ کارکنان راہل گاندھی کی قیادت میں دلتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کو انصاف دلانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔انہوں نے متوفی کنبے کے افراد سے مل کر انہیں ہر ممکن انصاف دلانے اور مدد دلانے کا تیقن دیا۔
متاثرہ کنبے نے اجئے رائے سے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کرایا۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کی دیر شام مرغی فارم پر کام کررہے جامو تھانہ علاقہ باشندہ کلیان پور کے شیوم گوری کی دبنگوں نے گلا ریت کر قتل کردیا تھا۔اجئے رائے متاثرہ کنبے سے اظہار تعزیت کرنے پہنچے تھے ۔ اجئے رائے کے ساتھ کانگریس کمیٹی کے ضلع صدر پردیپ سنگھل کے ساتھ دیگر ملازمین بھی موجود رہے ۔
