سینئر قائدین کی شرکت، گورنر کو یادداشت کی پیشکشی، تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کا دھرنا
حیدرآباد۔ 7 نومبر (سیاست نیوز) مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر کل 8 نومبر کو گاندھی بھون سے راج بھون تک پدیاترا اور ریالی کا اہتمام کیا جائے گا۔ گورنر سوندرا راجن کو یادداشت پیش کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کی جائے گی۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بی جے پی کی معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجی پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ 8 نومبر کو ملک کے اہم اضلاع کی طرح تلنگانہ کے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس پر مظاہرے کئے جائیں گے اور ضلع کلکٹرس کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ حیدرآباد میں گاندھی بھون سے راج بھون تک ریالی منظم کرتے ہوئے مرکز اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج درج کرایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اس ریالی میں بھاری تعداد میں شرکت کرتے ہوئے دونوں حکومتوں سے اپنے ناراضگی کے اظہار کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر قائدین کے علاوہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین اور کارکن اس ریالی میں شرکت کریں گے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے اقتدار میں عوامی مسائل میں اضافہ ہو چکا ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا۔ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بینکوں کے اسکام ملک میں روز کا معمول بن چکے ہیں۔ صنعتوں کے بند ہونے سے لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ مودی حکومت کی طرح کے سی آر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بڑے مودی اور تلنگانہ میں چھوٹے مودی کی حکمرانی میں لوٹ مار مچی ہوئی ہے۔ ملک کے عوام دونوں حکومتوں سے عاجز آچکے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک گیر سطح پر احتجاجی پروگرام کو قطعیت دی ہے۔ ناکام معاشی پالیسیوں کے سبب ملک کی ترقی متاثر ہوگئی۔ زراعت، صنعت اور دیگر شعبہ جات زوال پذیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین ریالی کی شکل میں راج بھون پہنچ کر گورنر کو یادداشت پیش کریں گے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین نے بتایا کہ احتجاجی پروگرام میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی وانچارج تلنگانہ آر سی کنتیا، کرناٹک کے سابق وزیر ایچ کے پاٹل، سکریٹری اے آئی سی بوس راج اور پردیش کانگریس کے سینئر قائدین حصہ لیں گے۔