بی جے پی اپنے ناکام چیف منسٹرس کو بدلنے میں مصروف :چدمبرم

   

گجرات میں چیف منسٹر کی تبدیلی پر سابق مرکزی وزیر و کانگریس قائد کا ردعمل

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے پانچ سال سے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دینے والے وجے روپانی کو اچانک ہٹانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اپنے ناکام چیف منسٹرس کو تبدیل کرنے میں مصروف ہے اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں ایسے چیف منسٹرس کی فہرست طویل ہے۔ چدمبرم نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے وجئے روپانی کوہٹانے اور ان کی جگہ پر پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئے بھوپندر پٹیل کو چیف منسٹر بنائے جانے پر ٹویٹ کیاکہ ’’بی جے پی اپنے ناکام وزرائے اعلیٰ کو ہٹانے میں مصروف ہے ۔ بی جے پی کو کب احساس ہوا کہ چیف منسٹر ٹھیک سے کام نہیں کر رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کام اچھانہ کرنے کے سبب بی جے پی کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کرچکی ہے اور کئی دوسری ریاستیں ہیں جہاں ناکام وزیر اعلیٰ ہیں اور انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ریاست کے لوگ جانتے تھے کہ بی ایس یدی یورپا ، دو راوت اور روپانی کئی مہینوں سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے ۔ اور ایسے کئی ہیں جنہیں تبدیل کیا جانا چاہیے ۔ فہرست طویل ہے جس میں ہریانہ ، گوا ، تریپورہ وغیرہ شامل ہیں۔ اتوار کو گجرات میں روپانی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور ان کی جگہ پٹیل کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ مارچ میں چار سال سے زیادہ عرصے تک اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رہے ترویندر سنگھ راوت کو ہٹاکر تیرتھ راوت کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا ، لیکن صرف تین ماہ کے اندر ، ان کی جگہ پشکر سنگھ دھامی نے لے لی۔کانگریس نے وزیراعلی کی تبدیلی پر اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کے خلاف جو بڑے پیمانے پر عوامی غصہ ہے ، اسے وزرائے اعلیٰ کے چہرے بدلنے سے غصہ کو ٹھنڈا نہیں کیا جا سکتا۔ ہر کوئی جی ڈی پی میں گراوٹ، بے روزگاری ، مہنگائی ، صحت کے بنیادی ڈھانچے کی خراب حالت سے آگاہ ہے ۔ اپنی ناکامی چھپانے کی بی جے پی کی یہ ترکیب کامیاب نہیں ہوگی۔ملک میں کئی ایسے مسائل ہیں جس کو حل کرنے میں بی جے پی ناکام ہوچکی ہے۔ کئی مہینوں سے کسان احتجاج کررہے ہیں۔ حکومت نہ تو اُن کے مطالبات سن رہی ہے اور نہ ہی اُس کی یکسوئی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔