رانچی: جھارکھنڈ اسمبلی میں پیرکے روز زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا، جب بی جے پی کے ایم ایل ایز نے ریاست میں بگڑتے ہوئے قانون و نظم و نسق کے مسئلے پر شدید احتجاج کیا۔ ان کے مسلسل نعرے بازی کرنے کی وجہ سے اسپیکرکو وقفہ سوالات کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ جیسے ہی اجلاس شروع ہوا، اپوزیشن لیڈر بابو لال مرانڈی نے ریاست میں بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کئی حالیہ واقعات کا حوالہ دیا اور اس مسئلے پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا جمعہ کے روز دن دہاڑے رانچی میں ایک تاجر پر فائرنگ کی گئی۔ ہفتہ کے روز این ٹی پی سی کے ڈپٹی جنرل منیجر کمارگوروکو ہزاری باغ میں قتل کردیا گیا۔ پچھلے ہفتے چانہو علاقے میں آنند مارگ آشرم پر حملہ کرکے دو افراد کو قتل کیا گیا۔ یہ صرف چند مثالیں ہیں ۔ جرائم اپنے عروج پر ہیں اور حکومت خاموش بیٹھی ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے امیت یادو نے بھی فوری بحث اور حکومت کے جواب کا مطالبہ کیا۔ تاہم، اسپیکر نے کہا کہ یہ مسئلہ ایوان کے سامنے رکھا جا چکا ہے ۔