لکھنؤ: اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے موہن لال گنج سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کوشل کشور کے خانگی مسائل کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور اب ان کی بہو انکیتا نے اپنے ہاتھ کی نس کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی ہے۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دی کہ انکیتا نے گزشتہ شب اپنے ہاتھ کی نسیں کاٹنے سے قبل ایک ویڈیو جاری کیا تھا، جس میں اس نے اپنے شوہر آیوش کشور اور اس کے والدین پر سنگین الزامات لگائے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ انکیتا اسکوٹی سے دوبگا میں واقع کوشل کشور کے گھر پہنچی اور ہاتھ کی نسیں کاٹ لیں۔ رگ کٹنے سے پہلے وائرل ویڈیو کے بعد کاکوری پولیس انکیتا کی تلاش کر رہی تھی۔ ہاتھ کی نسیں کاٹنے کے بعد پولیس نے انکیتا کو سیول ہاسپٹل میں داخل کرایا۔دواخانہ میں انکیتا کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت ٹھیک ہے۔