بی جے پی تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی متبادل،ریاستی صدر بنڈی سنجے کا دعویٰ

   

حیدرآباد۔/24 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ عوام بی جے پی کو تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے متبادل کے طور پر قبول کرچکے ہیں۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں عوام کا فیصلہ بی جے پی کے حق میں رہے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ میں کرپشن اور بے قاعدگیاں عروج پر ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے افراد خاندان بدعنوانیوں میں ملوث ہیں اور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کیلئے منعقدہ ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کیلئے متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کے بارے میں واقف کرانے کیلئے عوام سے رابطہ کا پروگرام شروع کیا جانا چاہیئے۔ کارکنوں کو عوام کے درمیان رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ صرف بی جے پی غریبوں کی بھلائی اور ریاست کی ترقی کے اقدامات کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پر عوام کا اعتماد مستحکم کرنے کی ذمہ داری قائدین اور کارکنوں پر عائد ہوتی ہے۔ ٹریننگ کیمپ میں ڈاکٹر کے لکشمن اور دیگر قائدین نے حصہ لیا۔ر