بی جے پی جیتی تو یوگی چیف منسٹر یو پی نہیں رہیں گے :کجریوال

   

مودی حکومت ایس سی ؍ ایس ٹی ریزرویشن ختم کردے گی، پولنگ کے چار مراحل میں بی جے پی کی حالت خراب
لکھنؤ : عام آدمی پارٹی(عاپ) کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اگر لوک سبھا الیکشن جیتتی ہے تو نہ صرف ایس سی/ایس ٹی کا ریزرویشن ختم کیا جائے گا بلکہ یوگی آدتیہ ناتھ کو اترپردیش کے وزیر اعلی کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ کجریوال نے جمعرات کو یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا’ بی جے پی اگر الیکشن جیتتی ہے تو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو دو مہینے کے اندر یوپی کے سی ایم عہدے سے ہٹا دیا جائے گا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اگلے سال ریٹارمنٹ لے لیں گے اور امت شال ملک کے نئے وزیر اعظم ہونگے ۔ اس کے علاوہ آئین میں تبدیلی کر کے ایس سی/ایس ٹی کاریزرویشن ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتحاد کی جیت کے امکانات حالانکہ نہ کے برابر ہیں۔ پنجاب ہریانہ، اترپردیش سمیت کئی ریاستوں میں بی جے پی کی حالت کافی خراب ہے اور اسے 220 سیٹ سے زیادہ ملتی دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔عاپ کنوینر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اگلے سال 75سال کے ہوجائیں گے اور انہیں یقین ہے کہ وہ اپنے بنائے ہوئے وصول کو جس میں 75 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو پارٹی یا حکومت میں کسی بھی عہدے سے ہٹا دیا جائے گا ، کو عملی جامہ پہناتے ہوئے خود وزیر اعظم کے عہدے سے استعفی دے دیں گے اور ان کی جگہ امت شاہ کو وزیر اعظم کی کرسی دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ کی راہ یوگی روڑا بن سکتے ہیں اس لئے انہیں دو ماہ کے اندر یوپی کے وزیر اعلی کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی اگر غلطی سے بھی 400 سے زیادہ سیٹوں کے ساتھ اقتدار میں آتی ہے تو ایس سی۔ ایس ٹی کا ریزرویشن ختم کردیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے خود بی جے پی کے ذرائع سے پتہ چلی ہے ۔ کیونکہ آر ایس ایس شروع سے ہی ریزرویشن کے خلاف رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اندر بی جے پی کی پالیسی کے حوالے سے بے حد غصہ ہے اور اس لئے اس بار بی جے پی کی جگہ اتحاد کی حکومت بننے جارہی ہے ۔اکھلیش یادو نے کہا کہ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو آئین کو بچانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔ بندیل کھنڈ کے لوگوں نے اپنا ذہن بنا لیا ہے اور اس بار بندیل کھنڈ سے ایسا پیغام جانے والا ہے کہ عوام بی جے پی کو ایک سیٹ بھی جیتنے نہیں دیں گے۔ بندیل کھنڈ کے لوگ بی جے پی کے غرور کو خاک میں ملا دیں گے۔