بی جے پی خواتین کیخلاف مقدمات کو دبانے کی کوشاں : ونیش

   

نئی دہلی : کانگریس کی نومنتخب ایم ایل اے اور ریسلر ونیش پھوگاٹ نے یہاں ہیڈکوارٹر میں سابق ایم ایل اے الکالامبا کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کیا جس میں انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جنسی ہراسانی کی لڑائی ہنوز جاری ہے اور خاص کرکے خواتین ریسلرس کے خلاف ہونے والی ہراسانیوں کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ اس پریس کانفرنس میں ونیش پھوگاٹ نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ خواتین کے خلاف ہونے والی ناانصافیوں کے مقدمات کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی نے حالیہ دنوں میں ہر اس معاملہ کو دبانے کی کوشش کی ہے جس میں خواتین کے خلاف ہونے والے ہراسانی کے معاملوں میں بی جے پی کے لیڈروں کا ملوث ہونا یقینی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ روشنی جیسوال کے معاملہ میں ان کے ساتھ کھڑی ہیں کیونکہ وہ بھی بی جے پی کے شخص کی وجہ سے ہراسانی کا سامنا کررہی ہے۔