بی جے پی دہشت گرد پارٹی ‘ تشدد برپا کرنے والوں کی حمایت کا الزام

,

   

کانگریس کو اربن نکسل قرار دینے پر پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کا سخت رد عمل ۔ بی جے پی حکومتوں میں قبائلیوں و پسماندہ طبقات پر مظالم کا دعوی

نئی دہلی : کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس حالیہ ریمارک کو مسترد کردیا کہ کانگریس پارٹی پر اربن نکسل غلبہ رکھتے ہیں اور ان کا کنٹرول ہے ۔ اپنے جوابی ریمارک میں مسٹر کھرگے نے بی جے پی پر درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے خلاف تشدد کیلئے ذمہ دار رہنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی کا کلچر اور ماب لنچنگ اور تشدد کو فروغ دینا بی جے پی کا کام ہے اور ترقی پسند افراد کو وزیر اعظم کی جانب سے اربن نکسل قرار دیا جا رہا ہے ۔ یہ ان کی عادت ہے ۔ لیکن یہ ان کی پارٹی ہے جو دہشت گرد پارٹی ہے ۔ وہ لوگ ماب لنچنگ میں‘ عوام پر حملوں میں اور درج فہرست ذاتوں کے ارکان کے منہ میں پیشاب کرنے اور قبائلی لڑکیوں کی عصمت ریزی کرنے میں ملوث ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نہ صرف اس طرح کے سنگین جرائم کو برداشت کرتی ہے بلکہ ایسا کرنے والوں کی حمایت بھی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بی جے پی اقتدار میں ہے درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے خلاف مظالم میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہ لوگ دوسروں پر الزام عائد کرتے ہوئے بری الذمہ ہوتے ہیں۔ یہ ان ( مودی )کی حکومت ہے اور اگر وہ چاہیں تو اس پر قابو کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 28 ستمبر کو جموں میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کانگریس پر سخت تنقید کی تھی ۔ مودی نے اپوزیشن پارٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اربن نکسلائیٹس سے ہمدردی رکھنے والوں کے اثر میں ہے اور بیرونی دراندازوں کی انتخابی فائدہ کیلئے خوشامد کرتی ہے ۔ ملکارجن کھرگے نے مودی کے اس بیان پر رد عمل میں وزیر اعظم اور ان کی پارٹی کو سخت جوابی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ کھرگے کے بیان پر بی جے پی ترجمان شہزاد پونا والا نے کھرگے کے ریمارکس کو مسترد کردیا اور اسے ملک کے رائے دہندوں کی ہتک قرار دیا ۔ شہزاد پونا والا نے کہا کہ 2014 اور 2019 کے بعد 2024 میں بھی کروڑوں افراد نے بی جے پی کو ووٹ دیا ہے ۔ اس طرح کا بیان رائے دہندوں کی فراست کی توہین ہے ۔ تاہم ایسا کرنا کانگریس کی عادت بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام کو راکشسی قرار دیا تھا ۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کے عوام نے دہشت گردوں کو منتخب کیا ہے ۔ پونا والا نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے اس طرح کی زبان استعمال کی ہے ۔ یہ لوگ او بی سی سماج اور عوام کی ہتک کر رہے ہیں۔ اس سے کانگریس کا کردار اور ڈی این اے ظاہر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جامعہ ملیہ سے علیگڈھ مسلم یونیورسٹی تک مسلمانوں کو تحفظات دئے ہیں۔ کانگریس سب سے زیادہ دلت مخالف پارٹی ہے ۔