نئی دہلی ۔ دہلی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو شروع ہوا اور چیف منسٹر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد کجریوال کا ایوان میں یہ پہلا دن رہا ۔ ایوان میں تقریرکرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی پر شدید تنقیدکی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جیل بھیجنے کے پیچھے بی جے پی کا مقصد کجریوال اور عام آدمی پارٹی کو بدنام کرنا تھا۔ یہ لوگ 27 سال سے دہلی میں اقتدار سے باہر ہیں۔ اس لیے وہ یہاں کے لوگوں کو پریشان کرکے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔اروند کجریوال نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کا شکرگزار ہوں۔ میں خدا اور ملک کے کروڑوں عوام کا شکر اداکرتا ہوں کہ مودی جی بہت طاقتور ہیں۔ ان کے پاس بے پناہ پیسہ ہے لیکن مودی جی خدا نہیں ہیں۔ آج میں چیف منسٹرآتشی کے ساتھ دہلی یونیورسٹی کی ایک سڑک کا معائنہ کرنے گیا تھا۔ مجھے بتایا گیا کہ پہلے وہاں کی سڑکیں بہت اچھی تھیں لیکن اب خراب ہیں۔ مجھے امید ہے کہ سڑکیں ٹھیک ہوں گی۔میں نے ایک بی جے پی لیڈر سے پوچھا کہ انہیں گرفتارکرکے کیا ملا؟ عام آدمی پارٹی کے لیڈر کجریوال نے ایوان میں بڑا دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کی گرفتاری نے دہلی کی ترقی کو ٹھپ کردیا ۔