بنگلورو: کرناٹک میں لوک آیوکت نے بی جے پی کے رکن اسمبلی ایم ویروپکشپا کے بیٹے پرشانت کمار کو 40 لاکھ روپے کی رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پرشانت کو بنگلورو میں کرناٹک سوپ اینڈ ڈٹرجنٹ لمیٹڈمیں اس کے والد کے دفتر سے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا ۔لوک آیوکت نے کے ایس ڈی ایل کے دفتر اور پرشانت کے گھر پر چھاپہ مارا تو 8 کروڑ نقد برآمد ہوئے۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے کے ایس ڈی ایل چیرمین کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹنڈر سے میرا تعلق نہیں جس میں بیٹے نے رشوت لی۔ ویروپکشپا کے استعفیٰ سے پہلے کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی نے کہا تھا کہ لوک آیوکت کو دوبارہ متعارف کرانے کا مقصد ریاست میں بدعنوانی کو ختم کرنا ہے۔پرشانت نے 80 لاکھ کی رشوت مانگی تھی۔ لوک آیوکت نے کہاکہ بیٹا اور باپ، دونوں قصوروارہیں۔حکام کے مطابق پرشانت کرناٹک ایڈمنسٹریٹیو سرویس کے 2008 بیاچ کے افسر ہیں۔پرشانت نے صابن اور دیگر اشیاء بنانے کے لئے خام مال خریدنے ایک ٹھیکیدار سے 80 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد ٹھیکیدار نے لوک آیوکت سے اس کی شکایت کی تھی۔شکایت پر لوک آیوکت نے پرشانت کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا منصوبہ بنایا۔ عہدیدار نے بتایا کہ یہ رقم کے ایس ڈی ایل کے چیرمین اور بی جے پی رکن اسمبلی ویروپکشپا سے لی گئی تھی۔ اس طرح دونوں باپ بیٹے رشوت لینے کے اس معاملے میں ملزم ہیں۔