بی جے پی رکن کونسل کے گھر پردھاوا

   

6000 ساڑیاں اور 9000 اسکول بیگ برآمد‘رسائد کی طلبی
بنگلورو:کرناٹک میں اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان جلد ہونے والا ہے۔ اس درمیان بی جے پی قائد آر شنکر کے گھر پرکمرشیل ٹیکس عہدیداروںنے دھاوا کیا۔ تلاشی کے دوران کچھ ایسی چیزیں برآمد ہوئی ہیں جو حیران کرنے والی ہیں۔ دراصل آر شنکر رکن قانون ساز کونسل ہیں اور چھاپہ ماری میں ان کے گھر سے کثیر تعداد میں ساڑیاں، اسکولی بیگ و کچھ دیگر سامان برآمد ہوئے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے اپنے گھر میں یہ سامان مبینہ طور پر انتخاب کے پیش نظر ووٹروں میں تقسیم کرنے کے لیے رکھے تھے۔آر شنکر کے گھر میں ہوئی چھاپہ ماری کے تعلق سے میڈیانے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے منگل کی دیر شب ہاویری ضلع میں رانیبینور واقع شنکر کی رہائش پر چھاپہ ماری کی تھی۔ چھاپہ ماری کے دوران ٹیم نے 6000 سے زیادہ ساڑیاں، تقریباً 9000 کالج اوراسکول بیگ اور گھروں میں استعمال ہونے والی پلیٹ برآمد کی ہیں۔ ان سب کی ممکنہ قیمت 20 سے 30 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ افسران کی ٹیم نے آر شنکر سے ان کے گھر برآمد سامان کو لے کر جی ایس ٹی بل طلب کیا ہے۔ اس کے لیے آر شنکر نے تین دن کا وقت مانگا ہے۔ ہاویری ڈپٹی کمشنر رگھونندن مورتی کا کہنا ہے کہ اگر آر شنکر گھر میں برآمد سامان سے جڑے بل کو دکھانے میں ناکام ہوتے ہیں تو کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کورٹ سے ان کے خلاف کیس درج کرنے کی اجازت مانگے گا۔