نئی دہلی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی ناراض حلیف شیوسینا نے آج کہا کہ اُمید ہے کہ برسراقتدار این ڈی اے مرکز میں اقتدار پر اپنا قبضہ برقرار رکھے گی۔ شیوسینا نے کہا کہ اس نے ملک کے مفاد میں بہت کچھ کیا ہے۔ برسراقتدار ارکان نے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ آنند راؤ اڑسل کے اس بیان کا خیرمقدم کیا۔ آنند راؤ 16 ویں لوک سبھا کے آخری اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ علاقائی پارٹی اکثر مودی حکومت پر اور بی جے پی پر تنقید کرتی رہی ہے اس نے شعلہ بیانی کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور مخلوط حکومت کے بڑے شراکت دار کے خلاف بیانات جاری کرتی رہی ہے۔ تاہم اڑسل نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ این ڈی اے دوبارہ برسراقتدار آئے گی اور اس کو دوبارہ اکثریت حاصل رہے گی۔ ایوان میں بی جے پی کے امکانی حلیفوں کی حیثیت سے ٹی آر ایس کا ویڈیو دکھایا گیا ۔ ٹی آر ایس کے جیتندر ریڈی نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے عوام مرکزی حکومت کے دوست ہیں۔