بی جے پی سازش کے تحت اپنے کارکنان کا قتل کررہی ہے: ممتا بنرجی

   

کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں انتشار پھیلانے کے لئے بی جے پی خود اپنے ورکروں کو مار رہی ہے۔ اترکنیا کے گھیراؤ کے درمیان پولیس جھڑپ میں بی جے پی ورکر کی موت پر ممتا بنرجی نے کہا کہ ایلن رائے کا پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بی جے پی کو بے نقاب کردیا ہے۔خیال رہے کہ کل سہ پہر شمالی بنگال کے ریاستی سکریٹریٹ اترکنیا سلی گوڑی میں بی جے پی مظاہرین کو روکتے ہوئے پولیس اور بی جے پی ورکروں کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی۔ پولیس نے جلوس کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن، آنسو گیس اور لاٹھیوں کا بھی استعمال کیا تھا۔ پولیس نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کارکنوں نے اینٹیں پھینکی ہیں۔ مبینہ طور پر پولیس کے لاٹھی سے ایلن رائے کے سر پر چوٹ پہنچی تھی۔ تشویشناک حالت میں نارتھ بنگال میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جس گولی سے رائے کی موت ہوئی ہے وہ گولی پولیس استعمال نہیں کرتی ہے۔