بی جے پی سرگرمیوں سے کئی قائدین کی دوریاں

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔9۔جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی تلنگانہ میں اختلافات کو دور کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ ورنگل سے دور کئی قائدین نے واضح کردیا ہے کہ وہ جلد پارٹی سے علحدگی اختیار کرینگے ۔وزیر اعظم کے دورہ تلنگانہ کے دوران بی جے پی قائدین وجئے شانتی ‘ سابق ایم پی جی ویویک کے علاوہ سابق وزیر اے چندرشیکھر کی عدم موجودگی کے بعد یہ واضح ہوچکا ہے کہ بی جے پی میں اب بھی سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔ قیادت میں تبدیلی کے بعد کہا جا رہاتھا کہ پارٹی مستحکم ہوگی لیکن اب کہا جا رہاہے کہ بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت کو بھانپ چکے قائدین نے بی جے پی کی سرگرمیوں سے خود کو دور رکھنے اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کانگریس میں شمولیت پر غور شروع کردیا ہے۔ سابق ایم پی جی ویویک کی گھر واپسی کی کوششوں سے ہر کوئی واقف ہے اور یہ کہا جا رہاہے کہ کانگریس قائدین ویویک سے رابطہ میں ہیں علاوہ ازیں سابق وزیر اے چندر شیکھر جنہوں نے 2021 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی وہ بھی اب کانگریس میں واپسی پر غور کرنے لگے ہیں۔