بی جے پی قومی اداروں کو کھوکھلا کررہی ہے: پرینکا

   

نئی دہلی ، 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے آج حکومت کو وزیر فینانس نرملا سیتارامن کے مبینہ ریمارکس پر ہدف تنقید بنایا کہ ایئر انڈیا اور بھارت پٹرولیم کارپوریشن مارچ تک فروخت کردیئے جاسکتے ہیں، اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی ہندوستان کے بہترین اداروں کو کھوکھلا کررہی ہے اور پھر ان کو فروخت کیا جارہا ہے۔ پرینکا کے لفظی حملہ کا پس منظر نرملا کا بیان ہے کہ حکومت سرکاری زیرانتظام ایئر انڈیا اور آئیل ریفائنر اور تیل کمپنی بی پی سی ایل کو مارچ 2020ء تک فروخت مکمل کرلینے کیلئے کوشاں ہے۔ پرینکا نے ہندی میں ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ہمارے ادارے ہمارا فخر ہیں۔ یہ ہمارے لئے ’سنہری پرندوں‘ کے مانند ہیں۔ بی جے پی نے ملک کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا، لیکن وہ ہندوستان کے بہترین اداروں کو کھوکھلا کرکے ان کو فروخت کررہے ہیں۔