ایک دو دن میں اسمبلی سے استعفی کا امکان، 8 جون کو بی جے پی میں شامل ہونے کی افواہیں
حیدرآباد۔ سابق وزیر ایٹالہ راجندر چار دن تک دہلی میں بی جے پی قائدین سے ملاقات کے بعد آج حیدرآباد پہنچے جہاں ان کے حامیوں نے ایر پورٹ پر شاندار خیرمقدم کیا۔ ان کے ساتھ سابق رکن اسمبلی اے رویندر ریڈی بھی تھے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایٹالہ راجندر 4 جون کو اسمبلی اور ٹی آر ایس کی رکنیت سے مستعفی ہونگے اور 8 جون کو 5 قائدین کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہونگے ۔ تاہم ایٹالہ راجندر نے اس کی توثیق نہیں کی ہے بس اتنا کہا ہے کہ وہ ایک دو دن میں اپنے فیصلہ سے واقف کرائیں گے۔ بی جے پی میں شمولیت کیلئے قائدین کو عہدوں سے مستعفی ہونے کی شرط ہے۔ بی جے پی قائدین نے پارٹی کے اصولوں سے ایٹالہ راجندر کو واقف کرایا ہے جس پر وہ رضامند ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ٹی آر ایس قیادت بھی انہیں مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر استعفی سے قبل ہی خلاف تادیبی کارروائی کرکے اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کا جائزہ لے رہی ہے اور ان کے خلاف ضمنی انتخابات میں طاقتور امیدوار کو انتخابی میدان میں اُتارنے کی تیاری کرلی ہے۔ ریاست میں اس وقت ایٹالہ راجندر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔ ان کے بارے میں دو اطلاعات منظر عام پر آرہی ہیں کہ وہ اسمبلی سے استعفی کے بعد بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے ۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ وہ ضمنی انتخاب میں شریک حیات جمنا کو بی جے پی ٹکٹ پر مقابلہ کرانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ راجندر کی شمولیت کے بعد دوباک طرز پر بی جے پی حضور آباد کا ضمنی انتخاب لڑنے کی تیاری کررہی ہے۔ کانگریس، بی جے پی اور ٹی آر ایس کے سہ رُخی مقابلہ میں راجندر کی طاقت سے انتخابات جیتنے کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔