گوہاٹی: آسام کے ہوجائی ضلع کے مرجھر میں بی جے پی لیڈر سمیت چھ لوگوں کو انسانی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتارکیا گیا ہے، حکام نے کہا ہے کہ گرفتار افرادکی شناخت پروینا بیگم، بنیادی ملزم، بلال الدین، افضل الدین، ناصر حسین، بی جے پی لیڈر عبدالکریم اور اجمل حسین کے طور پرکی گئی ہے۔گرفتار افرادکو ہوجائی کے سنکر دیو نگر ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر جیل بھیج دیا گیا۔ بیگم اور ان کے بھائی اجمل حسین کو دو دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا جبکہ دیگر چارکو مزید پوچھ گچھ کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہ نے مرجھرکے علاقے میں ایک نابالغ لڑکی کو ملازمت کا لالچ دیا اور اس کے بعد اسے دہلی کے جسم فروشی کے گروہ کو فروخت کردیا تاہم متاثرہ لڑکی فرار ہونے اور دہرادون جانے میں کامیاب رہی۔ چائلڈ ہیلپ لائن نمبرکا استعمال کرتے ہوئے پولیس نے اسے وہاں کے ون اسٹاپ سنٹر کے حوالے کردیا۔ منگل کو آل آسام اقلیتی طلباء یونین نے متاثرہ کو ہوجائی واپس لانے میں متاثرہ کے خاندان کی مددکی۔ متاثرہ کا بیان پولیس نے ہوجائی میں ریکارڈ کیا اور بچوں کے تحفظ سے متعلق جنسی جرائم ایکٹ کی کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔