نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو اڈیشہ کے ایم ایل اے اور بی جے پی لیڈر جے نارائن مشرا کی پیشگی ضمانت کی عرضی کو مسترد کردیا جس پر سنبل پورکلکٹریٹ کے باہر 2022 میں ایک احتجاج کے دوران ایک خاتون پولیس افسرکو تھپڑ مارنے کا الزام ہے۔ جسٹس ہریشی کیش رائے اور ایس وی این بھٹی پر مشتمل بنچ نے مشراکی عرضی کو مسترد کردیا، جس کی نمائندگی سینئر وکیل منیندر سنگھ نے کی، یہ کہتے ہوئے قیادت کے عہدوں پر رہنے والوں کو عوامی رویے کی مثال قائم کرنی ہوگی۔ مشرا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ سپریم کورٹ میں ہونے والے فیصلے سے واقف نہیں ہیں۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابقہ بی جے ڈی حکومت نے ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا تھا۔