ریاستوں میں بی جے پی کا زوال شروع، تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی مقبولیت میں کمی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے اور بی جے پی مکت بھارت کے دن قریب ہیں۔گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ جھارکھنڈ کے نتائج بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف عوام کا واضح فیصلہ ہے۔ دوسری مرتبہ برسر اقتدار آنے کے بعد بی جے پی نے دستور سے کھلواڑ کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشہ میں بی جے پی نے مخالف دستور قوانین کو پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کی۔ پارلیمنٹ میں اکثریت کے سبب اپوزیشن کی مخالفت کو نظرا نداز کردیا گیا۔ سمپت کمار نے کہا کہ ملک کی عوام مخالف دستور فیصلوں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔ یہی وجہ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی شرمناک شکست سے دوچار ہے۔ حالیہ عرصہ میں بی جے پی کو پانچ ریاستوں میں اقتدار سے محروم ہونا پڑا۔ یہی رجحان جاری رہا تو ملک سے بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔ جھارکھنڈ کے نتائج کے لئے سمپت کمار نے سونیا گاندھی ، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کامیابی کے لئے برسر اقتدار پارٹی نے وارڈس کی حدبندی کی ہے۔ نئی حدبندی کے ذریعہ ٹی آر ایس کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ سمپت کمار نے کہا کہ بلدی وارڈس کی تقسیم سائنٹفک انداز میں نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس سے دور ہوچکے ہیں جس کا اثر بلدی انتخابات میں دیکھنے کو ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں میں کے سی آر عوامی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں ۔