شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اور سینئر لیڈر سنجے راوت نے یوپی انتخابات کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ سنجے راوت نے کہاہے کہ اب ایک بڑی ریاست میں بھی وزراء اور ایم ایل ایز نے بی جے پی سے فاصلہ رکھناشروع کر دیا ہے۔ یوپی میں یہ شروعات ہے اور ہوتی رہے گی۔ پارٹی کے وزراء ، ایم ایل اے چھوڑ رہے ہیں۔لوگ سوامی پرساد موریہ کے بارے میں بتاتے ہیں کہ وہ ہوا کا رخ جانتے ہیں۔ وہ ہارنے والی پارٹی میں نہیں رہتے ہیں۔ وہ او بی سی کے بڑے لیڈرہیں۔ سنجے راوت نے کہاہے کہ یوپی تبدیلی کے راستے پر ہے۔شیوسینا لیڈرسنجے راوت نے مزیدکہاہے کہ اگر اتر پردیش کو بچانا ہے تو تمام اپوزیشن پارٹیوں کو اختلافات بھلا کر ایک ساتھ آنا چاہیے۔ سماج وادی پارٹی کو این سی پی اور کانگریس کو بھی ساتھ لے کر چلناچاہیے۔ یوپی میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے۔ شیوسینا نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے میدان میں اترنے کی بھی بات کی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ وہ جمعرات کو اتر پردیش جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیاہے کہ شیوسینا اتر پردیش میں 50 سے 100 سیٹوں پرالیکشن لڑے گی۔