سابق وزیر اے چندر شیکھر سابق رکن پارلیمنٹ کے ساتھ دو سابق ارکان اسمبلی پارٹی تبدیل کرنے تیار
حیدرآباد ۔ 31جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھنے والی بی جے پی کو ایک کے بعد ایک جھٹکے لگ رہے ہیں ۔ بنڈی سنجے کو صدارت سے ہٹانے اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو تلگانہ بی جے پی کا صدر بنانے کے باوجود بی جے پی میں ناراضگیاں اور اختلافات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔ سب سے زیادہ ضلع نظام آباد میں بی جے پی اپنا مقام کھورہی ہے ۔ مقامی بی جے پی کے قائدین ، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کے خلاف مسلسل احتجاج کررہے ہیں ۔ دوسری جانب بی جے پی کے کئی قائدین بی جے پی میں اپنے مقبل کو لیکر فکرمند ہے اور پارٹی تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے سینئر قائدین اور قومی قیادت ناراض اور مایوس قائدین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں بی جے پی سے مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں ، انہیں ناراض سرگرمیوں کے دوران تلنگانہ کے جہدکار بٹا بالا کرشنا ریڈی کو بی جے پی قیادت نے معطل کردیا ہے ۔ ان کے کانگریس میں شامل ہونے کی افواہیں چل رہی ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ سابق رکن پارلیمنٹ رویندر نائیک پارٹی قیادت اور پالیسیوں سے ناراض ہیں وہ پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں تاہم پارٹی قائدین انہیں سمجھا اور منارہے ہیں ۔ اس طرح سابق وزیر اے چندر شیکھر ، سابق ارکان اسمبلی اے رویندر ریڈی ، یانم سرینواس ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین پارٹی تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ، جب اس کی اطلاع بی جے پی قومی قیادت تک پہنچی تو اس نے تلنگانہ بی جے پی کے سینئر قائدین سے رابطہ بناتے ہوئے ناراض قائدین کو منانے کی ذمہ داری سونپی ہے جس کے فوری بعد مرکزی وزیر و تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی سابق ریاستیو زیر اے چندر شیکھر سے بات چیت کی ہے ۔ انتخآبی مینجمنٹ کمیٹی کے صدر ایٹالہ راجندر ان کے گھر پہنچ گئے مگر ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اے چندر شیکھر نے بی جے پی میں برقرار رہنے میں اپنی دلچسپی نہیں دکھائی ہے ۔ ایٹالہ راجندر کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہونے والے سابق رکن اسمبلی اے رویندر ریڈی چند دنوں سے اپنے آپ کو بی جے پی کی سرگرمیوں سے دور رکھا ہے ۔ ساتھ ہی ایٹالہ راجندر بی اے رویندر ریڈی سے دوریاں بنائی رکھی ہے جو ریاست میں موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ کرناٹک میں بی جے پی کو شکست ہوجانے کے بعد تلنگانہ بی جے پی کیڈر میں مایوسی پیدا ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر کو تبدیل کرنے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے دورہ تلنگانہ کے باوجود بی جے پی کیڈر میں کوئی جوش و خروش نظر نہیں آرہا ہے ۔ن