پنجی۔ گوا میں ‘مودی ہٹاو، دیش بچاؤ’ کے پوسٹر لگانے کا عزم کرتے ہوئے، گوا میں عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ مرکز کی موجودہ بی جے پی حکومت نے جمہوریت کو کوڑے دان میں ڈال دیا ہے۔ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کے ریاستی صدر امیت پالیکر نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے لیے لڑنے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں مودی ہٹاو، دیش بچاو کے پوسٹر آویزاں کرنے کے کئی معاملے درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اور پرتگالی ہندوستان میں حکومت کرتے ہوئے لوگوں کو پوسٹر لگانے سے منع کرتے تھے۔ وہ آواز کو دبانے کی کوشش کر رہے تھے، اب ایسی ہی چیزیں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔اگر ہم ان پوسٹروں کو آویزاں کرنے والوں کے خلاف دہلی میں درج مقدمات پر غور کریں تو یہ واضح ہے کہ مرکزی حکومت ہماری آزادی چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کرتے ہوئے مقدمات درج کرکے اپوزیشن لیڈروں کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ وہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو کوڑے دان میں ڈال دیا گیا ہے۔ پالیکر نے کہا کہ جب کوئی چیز قابل قبول نہیں ہے تو احتجاج کرنا لوگوں کا حق ہے۔