بی جے پی ورکرس مودی کی توقعات پر کھرے اتریں

   

۔300 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا نشانہ ، ایڈورپا کا خطاب
بنگلورو ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک بی جے پی کے صدر بی ایس ایڈورپا نے آج پارٹی ورکرس سے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی توقعات پر پورے اتریں اور آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 300 نشستوںپر کامیابی کیلئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 28 لوک سبھا حلقوں سے کامیابی کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ ایڈورپا نے پارلیمانی انتخابات سے قبل پارٹی کے 10 کیندروں کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نریندر مودی کی توقعات پر پورا اترنا ہے جو چاہتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 300 نشستیں حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کیڈر کو کل وقتی ورکرس کے طور پر کام کرنا چاہے جیسا کہ نریندر مودی وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد سے مسلسل کر رہے ہیں۔ میرا بوتھ سب سے مضبوط نعرہ پیش کرتے ہوئے ایڈورپا نے کہا کہ انتخابات کی تواریخ کا بہت جلداعلان ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کو دنیا کا سوپر پاور بنانے کا ویژن رکھتے ہیں۔ ایسے میں ہر پارٹی ورکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کیلئے اپنے طور پر جدوجہد کرے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گذشتے ساڑھے چار سال میں ایک دن بھی آرام نہیں کیا ۔ وہ ملک کو اور بی جے پی کو ملک بھر میں مستحکم بنانے کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔