بی جے پی پر مذہب کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کاالزام

,

   

سیاسی کھلواڑ میں نفرت پھلاکر بھائی سے بھائی کو لڑایا جارہا ہے : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ /25 جنور ی (سیاست ڈاٹ کام) کانگر یس کے صدر راہول گاندھی نے شمال مشرقی ریاستوں میں احتجاج و بے چینی پر تشویش کا اظہار کیا اور سیاسی فائدہ کے لئے اس علاقہ کے عوام میں تقسیم کے ذریعہ صف بندی کیلئے بی جے پی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سیاست کو روکا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے بی جے پی پر مذہب ، ذات پات اور علاقہ واریت کو اس قسم کے سیاسی کھلواڑ میں ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ جس (سیاسی کھلواڑ) میں بھائی کو بھائی کے مقابل صف آراء کرتے ہوئے سماج میں نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔ راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ شمال مشرقی میں بڑھتے ہوئے تشدد اور بے چینی پر مجھے سخت تکلیف و فکر ہے ۔ جہاں سیاسی فوائد کیلئے علاقہ کی صف بندی کی غرض سے مذہب اور علاقہ واریت کو بی جے پی کی طرف سے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے ۔ اس قسم کی سیاست میں بھائی کو بھائی کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے اور نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔ اس لعنت کو روکا جانا چاہئیے ۔ عام انتخابات سے قبل آسام میں شہریت بل کیخلاف عوام کے مختلف طبقات کے احتجاج کے پیش نظر میں راہول گاندھی نے یہ ریمارک کیا ہے ۔