نئی دہلی :کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے اندر ذیلی درجہ بندی اور ’کریمی لیئر‘ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سامنے آتے ہی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ اسے پارلیمنٹ کے ذریعہ منسوخ کراتی۔ انھوں نے بی جے پی پر ریزرویشن ختم کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جب تک چھوا چھوت ہے تب تک ریزرویشن برقرار رہنا چاہیے۔ کھرگے نے کہا کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے سات ججوں نے ایس سی۔ایس ٹی طبقہ کی ذیلی درجہ بندی کے ساتھ ہی کریمی لیئر کی بھی بات کی ہے۔ ہندوستان میں دلت طبقہ کے لیے ریزرویشن بابا صاحب کے ’پونا پیکٹ‘ کے ذریعہ سے ملا تھا۔ بعد میں پنڈت جواہر لال نہرو اور مہاتما گاندھی کے ذریعہ ریزرویشن پالیسی کو جاری رکھا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیاسی ریزرویشن کے ساتھ ہی تعلیم اور روزگار میں بھی ریزرویشن ایک ضروری مسئلہ تھا لیکن اب ایس سی۔ایس ٹی کے لوگوں کو کریمی لیئر کہہ کر ریزرویشن سے باہر نکالنا ان اوپر بڑا حملہ ہے۔