لکھنؤ 16 جنوری(یواین آئی) سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہیکہ بی جے پی کا ایجنڈا فرقہ وارانہ ہے ۔ جب بی جے پ اپنے منشور کے وعدوں کو پورا نہیں کر پاتی اور سیاسی طور پر کمزور ہوتی ہے تو وہ مزید کمیونل ہو جاتی ہے ۔ بی جے پی سماج کو توڑنے اور نفرت کی سیاست کرتی ہے ۔ جمعہ کو اڑیسہ کے دو روزہ دورہ پر بھونیشور پہنچے اکھلیش یادو ہفتہ کو ‘ویژن انڈیا: پلان، ڈیولپمنٹ، ایسنٹ’ پروگرام کے تحت ‘ہولسٹک ہیلتھ: دی کی ٹو نیو انڈیا’ سمٹ میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پورے ملک میں بی جے پی کی حقیقت سامنے آ رہی ہے اور عوام اس کی پالیسیوں کو سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بی جے پی پوری طرح بے نقاب ہو جائے گی تو ملک کی عوام اسے دہلی کی اقتدار سے ہٹانے کا کام کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے سماج میں تناؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ سماجوادی پارٹی جوڑنے اور ترقی کی سیاست کرتی ہے ۔ سماجوادی پارٹی ویژن کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ سماج میں تقسیم کی سیاست ختم ہو اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی سیاست ہو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اب ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جانے والا ایک تنظیمی ڈھانچہ بن چکی ہے اور ایجنسیوں کے ذریعے دوسرے سیاسی جماعتوں کا ڈیٹا چرا کر سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کیلئے اس کے طریقوں کو سمجھ کر اسی سطح پر تیاری کرنی ہوگی۔ اڑیسہ کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم اڑیسہ میں پی ڈی اے کا پودا لگانے آئے ہیں۔ اڑیسہ میں سماجوادیوں کی ایک پرانی تاریخ رہی ہے ۔ نیتا جی ملائم سنگھ یادو اور بیجو پٹنایک نے مل کر ایک بڑی طاقت کھڑی کی تھی۔ سماجوادی پارٹی اڑیسہ میں پی ڈی اے کو آگے بڑھائے گی اور تنظیم کو مضبوط کرے گی۔