مانکیم ٹیگور کا دعویٰ، انچارج کے طور پر دو سال کی تکمیل ، قائدین میں اتحاد
حیدرآباد ۔26۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور نے دعویٰ کیا کہ 2023 ء اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو محض 10 نشستیں بھی حاصل نہیں ہوں گی ۔ مانکیم ٹیگور جو منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں قائدین میں اتحاد کی مساعی کر رہے ہیں، کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور بی جے پی تشکیل حکومت کے خواب دیکھ رہی ہے۔ مانکیم ٹیگور نے پرینکا گاندھی کے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے ناراض رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو انتخابی مہم میں شامل ہونے کیلئے راضی کرلیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیگور نے کہا کہ قائدین متحدہ طور پر انتخابی مہم چلائیں گے اور منوگوڑو کانگریس پارٹی کا گڑھ ہے۔ راج گوپال ریڈی کے بی جے پی میں شامل ہونے سے کانگریس کا ووٹ بینک متاثر نہیں ہوگا۔ مانکیم ٹیگور تلنگانہ انچارج کے طورپر عنقریب دو سال مکمل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کی خامیوں کے نتیجہ میں 2014 ء اور 2018 ء میں کانگریس پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے 42000 پولنگ بوتھ سطح کے قائدین ہیں جنہوں نے 41 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ مکمل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرینکا گاندھی جنوبی ہند کی ریاستوں میں کانگریس کے استحکام پر توجہ دے رہی ہے۔ ٹیگور نے کہا کہ کانگریس پارٹی کرکٹ ٹیم کی طرح ہے اور بہتر تال میل کے ذریعہ انتخابات کا سامنا کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی کے یکطرفہ فیصلوں کے بارے میں ہائی کمان کو واقف نہ کرانے سے متعلق الزام پر مانکیم ٹیگور نے کہا کہ وہ اس طرح کے الزامات پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ر