لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کانگریس سے کہا ہیکہ اگر وہ 2024 کے عام انتخابات میں بی جے پی کو بے دخل کرنا چاہتی ہے تو علاقائی پارٹیوں کی حمایت کرے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تمام علاقائی سیاسی جماعتوں کو بی جے پی مخالف ایک ساتھ آنا چاہئے۔ اکھیلیش نے کہا کہ کئی علاقائی پارٹیاں اپنی اپنی ریاستوں میں بی جے پی کو سخت ٹکر دے رہی ہیں۔ ان تمام علاقائی قائدین کو اکٹھا ہونا چاہیے اور کانگریس پارٹی کو قومی سطح پر اپنا کردار طے کرنا چاہیے اور کانگریس کو علاقائی پارٹیوں کی حمایت کرنی چاہیے۔اکھیلیش یادو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کانگریس علاقائی پارٹیوں کو آگے کرے اور بی جے پی کو شکست دینے میں ان کا ساتھ دے۔ اکھلیش یادو کا بیان اس وقت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ کانگریس قائد راہول گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قرار دیدیا گیا ہے۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی یوپی میں بی جے پی کو شکست دے گی۔انہوں نے کہا کہ علاقائی پارٹیاں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بہت بڑا رول ادا کرنے والی ہیں اور یہ بی جے پی کا صفایا کر دے گی۔ سماج وادی پارٹی نے ہمیشہ قومی سیاست میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ایس پی لیڈر کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، یوپی کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ نے کہا کہ کانگریس پورے ملک میں بی جے پی سے مسلسل لڑرہی ہے۔ اکھیلیش یادو صرف یوپی میں لڑ رہے ہیں۔ اکھیلیش کو بھی بڑا دل دکھانا چاہئے اور کانگریس کا ساتھ دینا چاہئے۔ بی جے پی، صرف کانگریس کی ذمہ داری نہیں ہے۔