بی جے پی کو شکست دینے قومی سطح پر سیکولر طاقتوں کااتحاد ضروری

   

جنوبی ریاستوں کے ساتھ مرکز کی ناانصافی، سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے جنوبی ہند کے ریاستوں کے ساتھ مرکزی حکومت کی ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافیوں کے نتیجہ میں علحدہ جنوبی ہند کی تشکیل کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ جنوبی ہند کی ریاستوں کے ساتھ ہر معاملہ میں ناانصافی کا رویہ برقرار ہے ۔ عوام مرکزی حکومت کے رویہ سے عاجز آچکے ہیں۔ اگر یہی رویہ برقرار رہا تو علحدہ جنوبی ہند کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے ۔ سامبا سیوا راؤ نے بتایا کہ سی پی آئی کی جانب سے کتہ گوڑم میں 4 جون کو منعقد ہونے والا پرجا گرجنا جلسہ عام اب 11 جون کو منعقد ہوگا۔ ایک لاکھ افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے ضمن میں پرجا گرجنا پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ جلسہ عام کے مقام پر 5 جون کو سنگارینی الیکٹریسٹی ڈے تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے ، لہذا 4 جون کو تیاریوں کے سلسلہ میں گراؤنڈ حاصل کرلیا جائے گا۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے پرجا گرجنا منعقد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرجا گرجنا کا مقصد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز نہیں ہے بلکہ عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے واقف کرانا ہے۔ سی پی آئی کی جانب سے ملک بھر میں بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ نعرہ کے تحت مہم چلائی گئی اور گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی گئی۔ سامبا سیوا راؤ نے ملک میں بی جے پی کو شکست دینے کیلئے سیکولر اور جمہوری طاقتوں و پارٹیوں میں اتحاد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر طاقتوں کے اتحاد کے ذریعہ بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ قومی سطح پر نتیش کمار ، ممتا بنرجی ، اروند کجریوال ، اکھلیش یادو ، تیجسوی یادو اور دیگر قائدین اتحاد کی مساعی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی طرح ریاستوں میں بھی سیکولر پارٹیوں کو متحد ہونا چاہئے ۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ 2 جون کو سی پی آئی کی جانب سے تمام اضلاع میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ر